ویب سائٹ بنانے کا ہنر سیکھئے

My this article was published in Daily Ausaf Sunday Magazine on 22nd December 2013.

My this article was published in Daily Ausaf Sunday Magazine on 22nd December 2013.

دور جدید کے تقاضوں کے مطابق ہنر سیکھ کر روشن مستقبل کی بنیاد رکھیں ویب سائٹ ڈیزائننگ اور ڈویلپمنٹ کو سیکھنے کے حوالہ سے تمام معلومات پر مشتمل ایک راہنما تحریر

جب میں پانچویں کلاس میں تھا تو میں نے HTML سیکھ لی ۔ HTML سیکھنے میں مجھے ایک ماہ لگا اس وقت میں نے بہت بار سوچا کہ میں نے یہ کیا مصیبت مول لے لی ہے ، پھر اس کے بعد میں نے JavaScript سیکھی ، اسے سیکھنے میں 15 دن لگے ۔ HTML لینگوئج کی مدد سے ہم ویب سائٹ تیار کرتے ہیں جبکہJavaScript سے ہم ویب سائٹ کو Dynamic بنا تے ہیں ۔ویب سائٹ ڈیزائننگ میں مہارت حاصل کرنے کے لئے مجھے دو سال تک روزانہ 3گھنٹے پریکٹس کرنا پڑی۔ اس کے بعد میں اس قابل ہوگیا کہ ایک اچھی ویب سائٹ تیا ر کر سکوں ، جب میں نویں کلاس میں پڑھ رہاتھا تو میں نے اپنی ذاتی ویب سائٹ بنائی ، اس کے بعد مجھے کسی نہ کسی ریفرنس سے ویب سائٹ ڈیزائننگ کا کام بھی ملنے لگا۔ بہت سے لوگوں نے انٹرنیٹ کے ذریعے پیسے کمانے کے مختلف طریقوں کو سیکھنے پر وقت صرف کیا لیکن میں نے ہنر سیکھنے کو ترجیح دی ، اس کا مجھے یہ فائدہ ہوا کہ ابھی میں کالج میں تعلیم حاصل کر رہا ہوں اور اس ہنر کی بنیاد پر شام کے اوقات میں ایک چائنیز میگزین میں بطور ویب سائٹ اور گرافک ڈیزائننگ کی حیثیت سے جاب بھی کر رہا ہوں، جبکہ بہت سارے کلائنٹس کو ویب سائٹ بنا کر دے چکا ہوں ۔اب صورتحال یہ ہے کہ جاب کے علاوہ ادھر اُدھر سے اتنا کام آجاتا ہے کہ کام زیادہ اور وقت کم ہوتا جا رہا ہے ۔ اس تمہید کو بیان کرنے کا مقصد یہ ہے کہ اگر ایک طالب علم کوئی اچھا ہنر سیکھ لے تو وہ اچھے پیسے بھی کما سکتا ہے اور دوران تعلیم ہی اپنے روشن مستقبل کی بنیاد رکھ سکتا ہے ۔

ویب سائٹ اور گرافک ڈیزائننگ دو ایسے ہنر ہیں جن کو سیکھنے کے لئے عمر کی کوئی قید نہیں اور نہ ہی کسی تعلیمی ڈگری کی ضرورت ہوتی ہے۔ بس تھوڑا سا شوق اور انگلش زبان پر عبور ہونا چاہئے۔ وہ طالب علم جو کسی وجہ سے میٹرک یا ایف اے کے بعد تعلیم جاری نہیں رکھ سکے یا وہ سٹو ڈنٹس جو تعلیم کے ساتھ ساتھ پارٹ ٹائم کام بھی کرنا چاہتے ہیں یا وہ افرد جنہوں نے کوئی ڈگری تو حاصل کر لی لیکن کوئی ہنر نہ ہونے کی وجہ سے صرف ڈگری کی بنیاد پر انہیں کہیں ملازمت نہیں مل رہی وہ آسانی کے ساتھ اس شعبہ میں قسمت آزمائی کر سکتے ہیں۔ اس وقت پاکستان میں بہت سے تعلیمی ادارے ویب سائٹ اور گرافک ڈیزائننگ کے کورس کروا رہے ہیں۔ اگر آپ کے مالی حالات اچھے ہیں اور آپ پرائیویٹ تعلیمی اداروںکے بھاری اخراجات برداشت کر سکتے ہیں تو آپ کسی بھی اچھے کالج یا یونیورسٹی میں داخل ہو کر اپنے لئے ایک اچھے مستقبل کی بنیاد رکھ سکتے ہیں( ویسے گورنمنٹ کے تعلیمی ادارے بھی یہ کورسسز کرا رہے ہیں) ، لیکن اگر آپ یہ صلاحیت حاصل کرنا چاہتے ہیں اور وہ بھی مفت میں تو اب یہ ممکن ہے۔ بس اس کے لئے صرف مضبوط ارادے کی ضرورت ہے، باقی رہی بات رہنمائی کی تو اب ہر قسم کی معلومات انٹرنیٹ پر دستیاب ہیں۔ اگر کوئی سیکھنے والا ہو تو گوگل پر سرچ کرکے جو چاہے سیکھ سکتا ہے۔ میں نے خود سب کچھ اپنی مدد آپ کے تحت انٹرنیٹ سے ہی سیکھا ہے ۔ ضروری نہیں کہ آپ یہی ہنر سیکھیں آپ کی جس شعبہ میں زیادہ دلچسپی ہے آپ اس کا انتخاب کر لیں کیونکہ اگر انسان کے ہاتھ میں کوئی ہنر ہو تو اسے ملازمت تلاش کرنے یا اپنا ذاتی کام شروع کرنے کے لئے زیادہ دھکے نہیں کھانے پڑتے۔
یوٹیوب پر ویب سائٹ اور گرافک ڈیزائننگ سکھانے کے انتہائی مفید ویڈیوز ٹٹوریئلز (Tutorials)اردو اور انگلش میں موجود ہیں۔ ان ٹٹوریئلز سے سیکھنے کا آغاز کریں۔ آج کل پاکستان میں یوٹیوب بلاک ہے اسکا حل یہ ہے کہ آپProxy Sites یا VPN کے ذریعے یوٹیوب کی ویڈیوز کو اوپن کرکے دیکھ سکتے ہیں۔ انٹرنیٹ سے کوئی بھی چیز سیکھنے کے دوران کوئی نہ کوئی مقام ایسا ضرور آتا ہے کہ آپ کو کسی کی مدد کی ضرورت پڑتی ہے۔ اور انٹرنیٹ پر کوئی بندہ آپ کو فری نہیں سکھائے گا۔ اس کا حل یہ ہے کہ آپ کسی پاکستانی آئی ٹی اردو فورم کو جائن کر لیں وہاں پر بہت سے ایکسپرٹ مفت میں رہنمائی کے لئے موجود ہوتے ہیں آپ ان کے ساتھ اپنی ہر مشکل ڈسکس کرسکتے ہیں۔ آئی ٹی اردو فورمز سیکھنے کے لئے ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں پر کوئی بھی سکھانے والا آپ کو نخرے نہیں دکھاتا۔ اگر کسی ایک فرد سے آپ کا مسئلہ حل نہیں ہوتا تو بہت سے دوسرے میدان میں آجائیںگے اور آپ کا مسئلہ حل کرکے ہی دم لیں گے۔ اس کے علاوہ آئی ٹی اردو فورمز پرہر قسم کے اردو ٹٹورئیلز بھی موجود ہوتے ہیں آپ ان اردو ٹٹورئیلزکی مدد سے بھی بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں ۔
ویب سائٹ اور گرافک ڈیزائننگ کا ہنر انٹر نیٹ سے پیسے کمانے کا سب سے بہترین ذریعہ بھی ہے یہ ہنر سیکھنے کے بعد آپ فری لانسر بن کر اوڈیسک یا ای لانس سے جتنے مرضی پراجیکٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ اس ہنر کے حامل افراد کو کسی بھی اچھے کاروباری ادارے میں پرکشش جاب آسانی سے مل جاتی ہے۔ ویسے تو آپ کو پتا ہی ہوگا کہ پاکستان میں بندہ چاہے کتنا ہی باصلاحیت کیوں نہ ہو اسے ملازمت حاصل کرنے کے لئے سفارش کی ضرورت پڑ ہی جاتی ہے۔
ویب سائٹ ڈیزائننگ کی طرف آنے والوں کو روزانہ 8 سے بارہ گھنٹے کمپیوٹر پر ہی کام کرنا پڑتا ہے ا ور اگر آپ میں ایک جگہ ٹک کر بیٹھنے کی قوت برداشت نہیں تو پھر اس کام کا خیال دل سے نکال دیں۔وہ طلب علم جو زیر تعلیم ہیں، ہونا تو یہ چاہیے کہ وہ تعلیم کو پہلی ترجیح سمجھیں اور اضافی ہنر تعلیم مکمل کرنے کے بعد حاصل کریں، لیکن یہ ہماری اجتماعی بد قسمتی ہے کہ ہمیں جو نصاب پڑھایا جاتا ہے وہ عملی زندگی میں ہمارے کچھ کام نہیں آتا۔اب یہ فیصلہ آپ نے کرنا ہے کہ ویب سائٹ ڈیزائننگ کے ہنر کو دوران تعلیم سیکھنا مناسب رہے گا یا نہیں۔
ویب سائٹ ڈیزائننگ اور ڈویلپمنٹ کے شعبہ میں آگے بڑھنے کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ ایک اچھا ویب ڈویلپر بننے کے لئے HTML, PHP, JavaScript, CSS, XMLپر لازمی عبور حاصل ہونا چاہئے اور ان کو سیکھنے کے بعد آپ ویب ڈویلپر کی حیثیت سے کام شروع کر سکتے ہیں لیکن پروفیشنل ویب ڈویلپر اور ڈیزائنر بننے کے لئے آپ کو مزید چندسافٹ وئیر اور لینگوئجز مثلاً AJAX, ASP, ASP.net, VB.net, C#, DHTML, SQL, MySQL, JSON, jQuery سیکھنی پڑیں گی۔اس کے علاوہ اگر آپ ویب ڈیزائنر بھی بننا چاہتے ہیں تو آپ کو انCorelDraw, Photoshop, Adobe Flash گرافک ڈیزائننگ اور اینیمیشن سافٹ وئیر پربھی عبور حاصل ہونا چاہئے ۔ آج کل لوگوں کا رجحان “Content Managment System (CMS)” کی طرف بہت زیادہ ہے کیونکہ اس میں آپ کو کوڈنگ نہیں کرنا پڑتی اور چند کلک کی مدد سے آپ ایک سادہ سی ویب سائٹ با آسانی بنا سکتے ہیں ۔آپ چاہیں تو HTML اور PHP سیکھنے کے دوران یا اس کے بعد ہی CMS سافٹ وئیرز Joomla, WordPress, Drupal, Magentoکا استعما ل بھی سیکھ لیں ۔ ہو سکتا ہے یہ اتنی لمبی لسٹ دیکھ کر آپ کا دل تھوڑا سا گھبرا جائے کہ پتہ نہیں ان کو سیکھنے میں کتنا وقت لگے گا، مگر آپ کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اگر کوئی نالائق فرد بھی سیکھنے کا مضبوط ارادہ کر لے اور روزانہ پانچ گھنٹے سیکھنے پر صرف کر ے تو زیادہ سے زیادہ دو سال کی مدت میں ان سارے سافٹ وئیرز اور لینگوئجزکا استعمال سیکھ سکتا ہے۔میں نے اپنی مدد آپ کے تحت انٹرنیٹ سے ہی یہ سب کچھ سیکھا ہے اور الحمداللہ میں نے اس لسٹ میں موجود 80فیصد سافٹ وئیر اور لینگوئجز ایک سال میں سیکھ لیاتھا ۔یہ بتانے کا مقصد صرف یہ ہے کہ ان کو سیکھنا کوئی بہت مشکل کام نہیں ہے ۔
آپ کو سیکھنے کا آغاز HTMLسے کرنا چاہئے ،اُوپر بیان کی گئی لینگوئجز میں سے 80% آپwww.w3schools.com سے مفت میں سیکھ سکتے ہیں اس کے انٹرنیٹ سے سیکھنے کے دیگر طریقے اُوپر بیا ن کئے جا چکے ہیں۔HTML کے بعد CSSسیکھیں اس سے آپ کو ویب سائٹ کو خوبصورت بنانے میں مدد ملے گی۔ پھر آپ PHPسیکھیں اس کے بعد JavaScript ۔ اتنا سیکھنے کے بعد آپ کو اندازہ ہو جائے گا کہ باقی لینگوئج اور سافٹ وئیرز کو کس ترتیب سے سیکھا جائے ۔گرافک ڈیزائننگ کے حوالہ سے معلومات آئندہ شمارہ میں آئیں گی۔



Journalist, Android Application Developer and Web Designer. Writes article about IT in Roznama Dunya. I Interview Prominent Personalities & Icons around the globe.


One thought on “ویب سائٹ بنانے کا ہنر سیکھئے

Leave a Reply

Translate »